’’حضرت عائشہ صدیقہ ؓ ‘‘ سیرت و کردار کا بے مثال اور تاریخ سازباب
- 07 مارچ ، 2026
- Web Desk
- اسلامی مضامین
محمد عبدالمتعالی نعمان
اُمّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ قریش کے خاندان بنو تیم سے تعلق رکھتی تھیں۔ آپ بعثت ِنبوی ؐ کے چار سال بعد ماہ شوال میں پیدا ہوئیں۔ آپ کے والد، نبی کریمﷺ کے جاں نثار رفیق، افضل البشر بعدالانبیاء، خلیفۃ الرسول ؐ سیّدنا ابوبکر صدیقؓ اور والدہ سیّدہ زینب ام رومان تھیں۔
سیّدہ عائشہ صدیقہؓ کا نسب والد کی جانب سے سات، والدہ کی جانب سے گیارہ اور دادا دادی کی طرف سے چھ واسطوں سے رسول اللہﷺ کے سلسلۂ نسب سے مل جاتا ہے۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ آقائے دوجہاں، سیّد المرسلین، امام الانبیاء رحمۃ للعالمین، خاتم النبیین، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ازواج مطہراتؓ میں اپنے حسنِ اخلاق اور علم و فضل کے سبب خاص فضیلت اور منفرد مقام رکھتی ہیں۔
خلیفۂ اول ،سیّدنا صدیق اکبر ؓ کا درِاقدس وہ سعادت مند کا شانہ تھا، جہاں خورشید اسلام کی شعاعیں سب سے پہلے ضو فگن ہوئیں، اسی بِناء پر سیّدہ عائشہ صدیقہؓ کا شمار اُن برگزیدہ ہستیوں میں ہوتا ہے، جن کے کانوں نے کبھی کفرو شرک کی آواز نہیں سُنی۔ خود حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ جیسے ہی میں نے ہوش سنبھال کر والد کو دیکھا، انہیں مسلمان پایا۔
حضرت عائشہ ؓ نہایت ذہین، بے حد فیاض، قوتِ حافظہ میں لاجواب، نہایت شیریں کلام اور فصیح اللسان تھیں۔ قرآن، تفسیر، حدیث، فقہ ،غرض کتاب و سنّت کےجملہ علوم ومسائل میں آپؓ کے گہرے شغف، معیارِ فکرو نظر، اور بلند علمی مقام کے اعتبار سے اربابِ سیرت نے اُم المومنین حضرت عائشہ ؓ کو جلیل القدرعالمہ و فاضلہ خاتو ن کے مرتبے پر فائزکیا ہے۔ رسول اکرم ﷺ کو حضرت عائشہؓ سے نکاح کی بشارت خواب میں ہو چکی تھی۔ چناں چہ شوال تین قبل ہجرت، مارچ619ء، 10 نبویؐ میں 500درہم مہرکے عوض آپﷺ کا نکاح حضرت عائشہ ؓ سے ہوا۔
رخصتی چار برس بعد شوال ہی کے مہینے مطابق ایک ہجری /اپریل623ء میں ہوئی۔ شوال ایک ہجری سے یہ مبارک دور شروع ہوا اور 12ربیع الاول سن11ہجری آپﷺ کے وصال تک محیط رہا۔ نبی کریمﷺ اور حضرت عائشہؓ کی یہ پُرخلوص رفاقت زندگی کے عمومی مقاصد اور اساسِ دین کی تعمیر میں بہت اہمیت کی حامل اور ملّت اسلامیہ کے لیے مثالی زندگی کا نہایت اعلیٰ دستورالعمل ہے۔
ام المومنین حضرت عائشہؓ مکارم اخلاق کی پیکر تھیں۔ آپ کی مبارک زندگی عفت و حیا، علمی کمال، اور فراست و فقاہت کے محاسن سے مزین تھی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ آپ مزاج شناسِ رسول تھیں۔ انہیں آپ ﷺ سے والہانہ محبت تھی۔غرض آپ میں وہ تمام خوبیاں تھیں، جو ایک مثالی بیوی میں ہونی چاہییں۔ آپ کو بلند سیرت، علمی فضیلت اور فضائل و مناقب کی نسبت سے خواتینِ اسلام میں نہایت بلند اور منفرد مقام حاصل ہے۔
قرآن کریم کی پہلی حافظہ کا اعزاز ہونے کے ساتھ ساتھ جمع قرآن کے سلسلے میں بھی فوقیت حاصل ہے۔محدثین میں بھی حضرت عائشہ صدیقہؓ کا علمی مقام و مرتبہ بہت بلند ہے۔ بعض مورخین کا قول ہے کہ احکام شرعیہ کا ایک چوتھائی حصّہ حضرت عائشہ صدیقہؓ سے منقول ہے۔
رحمۃ للعالمینﷺ نے فرمایا: ’’مردوں میں تو بہت سے لوگ کامل ہوئے، لیکن عورتوں میں کوئی کامل نہ گزرا، سوائے مریم بنتِ عمران اور آسیہ زوجہ فرعون، اور عائشہ ؓ کے، اور حضرت عائشہؓ کو تمام عورتوں پر ایسی فضیلت حاصل ہے جیسے ثرید (عربوں کا مرغوب ترین کھانا جو روٹی کو شوربے میں بھگو کر تیار کیا جاتا تھا) کو تمام کھانوں پرحاصل ہے۔ (صحیح بخاری)
حضرت عائشہؓ کا شمار مجتہدین صحابہؓ میں ہوتا ہے۔جس میں ان کا مرتبہ اتنا بلند ہے کہ ان کا نام حضرت عمر ؓ،حضرت علیؓ،حضرت عبداللہ مسعودؓ اور حضرت عبداللہ بن عباسؓ کے ساتھ لیا جاسکتا ہے۔ خطابت کے اعتبار سے بھی حضرت عمر فاروق ؓ اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے سوا آپ تمام صحابہؓ اور صحابیاتؓ میں ممتاز تھیں۔ علمی کمالات، دینی خدمات اور سرور کائناتﷺ کی تعلیمات و ارشادات کی نشر و اشاعت کے اعتبار سے آپ کا کوئی حریف نہیں ہوسکتا۔ اگر آپ کو ’’محسنۂ امّت‘‘ کہا جائے، تو اس میں مطلق کوئی مبالغہ نہ ہوگا۔
حضرت عائشہ ؓ کے تلامذہ کی تعداد دو سو کے لگ بھگ بیان کی جاتی ہے، جن میں متعدد اکابر صحابہؓ کے علاوہ تابعین کی ایک بڑی جماعت شامل ہے۔ صدیقۂ کائناتؓ کو عبادت الٰہی سے بے انتہا شغف تھا۔ نہایت متقّی اور حد درجہ خوف خدا رکھتی تھیں۔ ازواجِ رسول ؐ میں حضرت عائشہؓ وہ واحد خوش نصیب زوجۂ رسول ؐ ہیں، جنہیں رب کائنات نے آسمان سے سلام بھیجا۔
نبی کریمﷺ نے سیّدہ عائشہؓ سے فرمایا کہ جبرائیلؑ آئے ہیں اور تمہیں سلام کہتے ہیں، آپ نے جواب میں کہا کہ ان پر بھی سلام اور اللہ کی رحمت ہو۔حضرت عائشہ ؓ حق و باطل کے معرکوں یعنی جہاد میں باقاعدہ حصّہ لیتیں۔ حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ میں نے اُمّ المومنین حضرت عائشہ ؓ اور اُم سلیمؓ کو دیکھا کہ غزوۂ اُحد میں کندھوں پر مشکیزے لادے ہوئے زخمیوں کو پانی پلا رہی ہیں۔(صحیح بخاری) غزوۂ بدر کے تاریخی معرکے میں پرچمِ رسول ؐ (اسلامی پرچم) حضرت عائشہ صدیقہؓ کی اوڑھنی سے بنایا گیا تھا۔
حضرت عائشہ ؓ کی حیاتِ مبارکہ میں چار واقعات نہایت اہم ہیں،افک، ایلاء، تحریم اور تخییر (جن کا ذکر کتب سیرت اور کتب تاریخ میں تفصیلاً موجود ہے) جس کے نتائج مشیتِ خداوندی سے اسلامی ضابطے و قوانین کی صورت میں امّت کے لیے دائمی خیرکی صورت میں سامنے آئے۔ ایک سفر میں حضرت عائشہؓ کا ہارگم ہو جانے پر آیاتِ تیمم نازل ہوئیں۔
اس موقع پر حضرت اسید بن حضیر ؓ جوکہ ایک جلیل القدر صحابی تھے، انہوں نے فرطِ مسرت سے فرمایا ’’اے عائشہ ؓ، اللہ آپ کو جزائے خیر دے، اللہ کی قسم، جب کوئی بات آپ کو پیش آئی، اللہ نے آپ کے لیے اس سے نکلنے کا راستہ مہیّا فرمایا اور مسلمانوں کے لیے اس میں برکت پیدا کردی۔ اے آل ابوبکر ؓ، یہ تمہاری پہلی برکت نہیں ہے، بلکہ اس سے پہلے بھی تمہاری وجہ سے برکتیں نازل ہوچکی ہیں۔‘‘ (صحیح بخاری)
اُم المومنین حضرت عائشہؓ کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ منافقین کی طرف سے واقعۂ افک میں لگائے گئے بہتانِ پر اللہ تعالیٰ نے خود آپ کی پاکی بیان کی۔ آپ کی عصمت و پاکیزگی کی شہادت سورۂ نور میں نازل فرما کر بدخواہوں کو ان کے انجام سے باخبر کیا اور حضرت عائشہ ؓ کی شانِ معصومیت کو آیاتِ مقدسہ کے ذریعے بیان فرمایا۔ بقول حضرت عبداللہ بن عباس ؓ ’’آپ کی شان میں قرآنی آیات نازل ہوئیں جو ہر محراب و منبر میں شب و روز تلاوت کی جاتی ہیں۔‘‘یہ آیات مبارکہ تا قیامت آپ ؓ کی طہارت، عفت، پاک دامنی اور پاکیزگی کی گواہی دیتی رہیں گی۔
وصالِ نبویؐ کے بعد تقریباً 48سال تک حیات رہیں اور یوں نصف صدی تک روز و شب عالم اسلام کو انوار الٰہی اور اسوۂ حسنہ سے منورکرنے کے بعد یہ محسنۂ امت اور خورشیدِ تاباں 17رمضان المبارک 58 ہجری،13جون 678ء کو اپنے رب کے حضور پہنچ گئیں۔ نماز جنازہ میں صحابہؓ کی اتنی بڑی تعداد تھی، جو اس سے پہلے رات کے وقت کبھی نہ دیکھی گئی۔ نمازِ جنازہ حضرت ابو ہریرہؓ نے پڑھائی، آپ کے بھتیجوں اور بھانجوں نے لحد میں اتارا اور حسبِ وصیت جنّت البقیع میں محو استراحت ہوئیں۔
علم ودانائی کی باتیں
امّ المومنین سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا:٭ کم کھانا تمام بیماریوں کا علاج ہے اور شکم سیری بیماری کی جڑ ہے۔٭مہمان کی خاطر زیادہ خرچ کرو کہ یہ اسراف نہیں۔٭عبادتوں میں افضل ترین عبادت عاجزی ہے۔٭مصیبتوں کا مقابلہ صبر سے اور نعمتوں کی حفاظت شکر کے ساتھ کرو۔٭آدمی کے برا ہونے کی ایک علامت یہ ہے کہ وہ یہ گمان کرے کہ وہ اچھا ہے۔٭زبان کی حفاظت کرو کہ عزت اور ذلت کی یہی سزاوار ہے۔ ٭تمہارے لیے خیر اسی میں ہے کہ شر سے باز آجاؤ۔
اسلامی مضامین
’’عیدالفطر‘‘ اعمال کے جائزے اور عزمِ نو کا دن
- 21 مارچ ، 2026
’’عیدالفطر‘‘ اللّٰہ تعالیٰ کی جانب سے اجر اور مزدوری وصول کرنے کادن ہے۔
رمضان کے بعد زندگی کے شب و روز کیسے گزاریں؟
- 20 مارچ ، 2026
رمضان کا مبارک مہینہ اپنی تمام تر برکتوں، رحمتوں، مغفرتوں، فضیلتوں سعادتوں کے ساتھ آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔
ماہِ رمضان کے بعد معمولاتِ زندگی اور ہماری ذمہ داریاں
- 19 مارچ ، 2026
ماہِ صیام جس کا گیارہ مہینے سے انتظار تھا، وہ آیا اور ہوا کے ایک خوشگوار جھونکے کی مانند ہمیں ہر نعمتِ خداوندی سے سرفراز...
رمضان المبارک جہنم سے نجات کا مہینہ
- 18 مارچ ، 2026
’’رمضان المبارک‘‘ نیکیوں کا موسم بہار، ایک عظیم ماہِ مبارک ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔
’’لیلۃُ القَدر‘‘ ربِّ ذُوالجلال کے حضور توبہ ومُناجات اور دعاؤں کی قبولیت کے مقدّس و بابرکت لمحات
- 17 مارچ ، 2026
اس ایک رات میں عبادت کا اجر و ثواب ایک ہزار مہینے کی عبادت و ریاضت سے بڑھ کر ہے۔
شبِ قدر ہزار مہینوں سے بہتر
- 16 مارچ ، 2026
رمضان کے قیمتی اوقات میں سے ایک وقت ہے لیلۃ القدر، مرتبے والی اور عظمت والی رات۔
قرآنِ حکیم اور ہماری زندگی
- 16 مارچ ، 2026
قرآن اللہ کا آخری کلام ہے۔ اللہ نے انسانوں کو جو علم دینا تھا، وہ قرآن کے اندر آخری مرتبہ مکمل شکل میں دے دیا گیا۔
عشرہ نجات کی پرنور، بیش قیمت ساعات اور ہماری غلط ترجیحات
- 15 مارچ ، 2026
احادیثِ مبارکہ کے مطابق ماہِ رمضان کو بنیادی طور پر تین عشروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
الوداع ماہ رمضان الوداع
- 14 مارچ ، 2026
رمضان کریم، ماہِ صیام رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ماہِ مبارک، اپنی تمام تر رحمتوں اور برکتوں سمیت ہم سے رخصت ہونے کو...
رمضان المبارک کے آخری ایام کی قدر کریں
- 13 مارچ ، 2026
بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ جنہیں اس ماہِ مبارک میں طاعت و عبادت کا موقع نصیب ہوا۔
اعتکاف کے فضائل و احکام
- 12 مارچ ، 2026
احادیثِ نبویﷺ میں اس پر بے شمار اجر وثواب کی نوید بیان کی گئی ہے
سیدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ: وفاداری و جاں نثاری کا بے مثال نمونہ
- 11 مارچ ، 2026
حضرت علی ؓ امت کی تاسیسی شخصیات اور درخشاں و تابندہ ہستیوں میں سے ایک ہیں۔
حضرت علی ابن ابی طالب ؓ: سیرت و کردار کا روشن اور تاریخ سازباب
- 11 مارچ ، 2026
شیرِیزداں، شاہِ مرداں، سیّدنا علی مرتضیٰؓ نے عہدِ نبویؐ کے غزوات اور جنگی معرکوں میں جرأت و شجاعت کی تاریخ رقم کی۔
اعتکاف: ماہِ صیام کی ایک باعث اجر و فضیلت عبادت
- 10 مارچ ، 2026
الحمد للہ، اب ہم ماہ ِرمضان کے آخری عشرے میں داخل ہورہے ہیں، یہ وہ عشرہ ہے جس کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کا حکم ہے۔
حُسنِ سلوک، عفوودرگزر، بُردباری و رواداری کا تاریخ ساز مظہر ’’واقعہ فتحِ مکّہ‘‘
- 09 مارچ ، 2026
ڈاکٹر حافظ محمد ثانینبیِ رحمت، محسنِ انسانیت،سرورِ کائنات، ختمی مرتبت، حضرت محمد ﷺ کی نمایاں ترین خصوصیت، آپ ﷺ کی’’...
قصہ قومِ ثمود اور حضرت صالح علیہ السلام کی اونٹنی کا
- 08 مارچ ، 2026
اور قومِ ثمود کو اللہ نے یوں نیست و نابود کردیا کہ گویا وہاں وہ کبھی آباد ہی نہ تھے۔ ۔
’’غزوہ بدر‘‘ رسولﷺ کی عسکری و دفاعی حکمتِ عملی کا عظیم مظہر
- 07 مارچ ، 2026
یوم الفرقان، غزوۂ بدر اسلامی تاریخ کا عظیم اور تاریخ ساز معرکہ ہے۔
’’یوم الفرقان‘‘ جب اسلام غالب اور کفر مغلوب ہوا
- 07 مارچ ، 2026
یہ معرکہ مشر کین مکّہ کی عبرت ناک شکست اور اہل ایمان کی فتح مبین پر ختم ہوا۔
کاشانہ نبوت کی ملکہ سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا
- 07 مارچ ، 2026
آنحضرت ﷺ کی دیگر ازواجِ مطہراتؓ میں ان ساری باتوں کا پورا پورا جواب ہمیں حضرت عائشہ صدیقہ ؓہی کی زندگی میں نظر آتا ہے۔
نماز تراویح رمضان المبارک کی اہم عبادت
- 06 مارچ ، 2026
’’نمازِتراویح‘‘ نبی کریم ﷺ کی سنّت ہے اور احادیث مبارکہ میں اس کی فضیلت آئی ہے۔