حضرت اسحاق علیہ السّلام

محمود میاں نجمی

حضرت اسحاق علیہ السّلام کی ولادت

حضرت ابراہیم علیہ السّلام کی عُمرِ مبارکہ ایک سو برس اور آپؑ کی اہلیہ، حضرت سارہؑ کی عُمر نوّے سال تھی، جب اُن کے ہاں حضرت اسحاق علیہ السّلام پیدا ہوئے۔ اُن دِنوں حضرت ابراہیم علیہ السّلام مُلکِ شام میں رہائش پزیر تھے، جب کہ بڑے صاحب زادے، حضرت اسماعیل علیہ السّلام 14سال سے مکّہ مکرّمہ میں اپنی والدہ، حضرت ہاجرہؑ کے ساتھ مقیم تھے۔ ایک دن اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کی ایک جماعت کو زمین پر بھیجا تاکہ وہ قومِ لوطؑ پر عذابِ الہٰی نازل کریں، جو حد سے گزر چُکی تھی۔ یہ فرشتے پہلے حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے پاس آئے اور اُنہیں اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک سعادت مند بیٹے کی خُوش خبری سُنائی ۔چوں کہ حضرت سارہؑ بوڑھی تھیں، فرشتوں کی اس خُوش خبری پر اُنہیں بڑی حیرت ہوئی اور تعجب بھی، جس کا ذکر اللہ تعالیٰ نے قرآنِ پاک میں یوں فرمایا’’ ہم نے اس کو (حضرت سارہؑ کو) اسحاق علیہ السّلام کی اور اسحاق علیہ السّلام کے بعد یعقوب علیہ السّلام کی خُوش خبری دی، تو اُنھوں نے کہا’’اے ہے! میرے بچّہ ہوگا، مَیں تو بڑھیا ہوں اور میرے شوہر بھی بوڑھے ہیں۔یہ تو بڑی عجیب بات ہے۔‘‘اُنھوں(فرشتوں) نے کہا’’ کیا تم اللہ کی قدرت سے تعجب کرتی ہو؟ اے اہلِ بیت! تم پر اللہ کی رحمت اور اُس کی برکتیں ہیں۔‘‘(سورۂ ھود71:73) حضرت ابراہیم علیہ السّلام بھی اس خُوش خبری پر بڑے حیران ہوئے، کیوں کہ وہ بہت بوڑھے ہو چُکے تھے ۔ لہٰذا، اُنہوں نے بھی ازراہِ تعجّب فرشتوں سے فرمایا’’ جب مجھے بڑھاپے نے آ پکڑا، تو تم خُوش خبری دینے لگے۔اب کاہے کی خُوش خبری دیتے ہو؟‘‘(اُنہوں نے)کہا’’ ہم آپؑ کو سچّی خُوش خبری دیتے ہیں۔ آپؑ مایوس نہ ہوں۔‘‘(سورۃ الحجر 54:55)غرض، حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی پیدائش کے 14سال بعد اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو ایک اور سعادت مند فرزند، حضرت اسحاق علیہ السّلام عطا فرمائے، جس پر حضرت ابراہیم علیہ السّلام بار بار اللہ تعالیٰ کا شُکر ادا کرتے تھے۔قرآنِ پاک میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے’’(ابراہیم علیہ السّلام نے کہا) اللہ کا شُکر ہے، جس نے مجھے اس بڑھاپے میں اسماعیلؑ اور اسحاق ؑ بخشے۔بے شک میرا پروردگار دُعائوں کو سُننے والا ہے۔‘‘(سورۂ ابراہیم 39:)حضرت اسحاق علیہ السّلام کی پیدائش اُسی سال ہوئی، جس سال حضرت ابراہیم علیہ السّلام اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام نے اللہ کا گھر، خانۂ کعبہ تعمیر کیا۔

حضرت اسحاق علیہ السّلام نبوّت کے منصب پر

حضرت اسحاق علیہ السّلام کے نبی ہونے کی گواہی خود قرآنِ کریم میں دی گئی ہے۔اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا’’ اور ہم نے اُن کو اسحاق علیہ السّلام کی بشارت بھی دی (کہ وہ) نبی(اور)نیکو کاروں میں سے ہوں گے اور ہم نے اُن پر اور اسحاق علیہ السّلام پر برکتیں نازل کی تھیں اور اُن دونوں کی اولاد میں صالح لوگ بھی ہیں اور اپنے آپ پر صریح ظلم کرنے والے(یعنی گنہ گار) بھی۔‘‘ (سورۂ الصٰفٰت 112:113) حضرت اسحاق علیہ السّلام کو اللہ تعالیٰ نے نبوّت عطا فرمائی اور آپؑ کی اولاد’’ بنی اسحاق‘‘ کہلائی۔ بعدازاں بنی اسرائیل میں جتنے بھی نبی پیدا ہوئے، سب کے سب آپ ؑہی کی نسل سے تھے، چناں چہ قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے’’اور ہم نے اُنہیں اسحاق علیہ السّلام اور یعقوب علیہ السّلام بخشے اور اُن کی اولاد میں پیغمبری اور کتاب (مقرّر)کر دی اور اُن کو دنیا میں بھی اُن کا صلہ عنایت کیا اور وہ آخرت میں بھی نیک لوگوں میں ہوں گے۔‘‘(سورۂ العنکبوت 27)

حضرت اسحاق علیہ السّلام کی شادی

حضرت اسحاق علیہ السّلام کی شادی حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے بھائی، ناحور کی پوتی، رفقا سے ہوئی۔ شادی کے وقت حضرت اسحاق علیہ السّلام کی عُمر چالیس سال تھی۔ اُنھیں اولاد کی بڑی خواہش اور تمنّا تھی، جس کے لیے وہ بارگاہِ الہٰی میں دُعائیں کیا کرتے تھے۔ آپؑ کی دُعائیں قبول ہوئیں اور شادی کے بیس برس بعد اللہ تعالیٰ نے آپؑ کو دو جڑواں بیٹے عطا فرمائے۔پہلے کا نام محیصو رکھا گیا، جسے اہلِ عرب محیص کے نام سے پکارتے ہیں،اُن کی اولاد رومی کہلائی۔ دوسرے کا نام، یعقوب رکھا گیا ،جن کا لقب’’ اسرائیل تھا‘‘ اور اُن کی نسل’’ بنی اسرائیل‘‘ کہلائی۔

حضرت اسحاق ؑ کی دعاؤں کا اثر

مؤرخین تحریر کرتے ہیں کہ حضرت اسحاق علیہ السّلام اپنے بڑے بیٹے، محیص سے زیادہ محبّت کرتے تھے ،جب کہ اُن کی اہلیہ، رفقا اپنے چھوٹے بیٹے، یعقوب کو زیادہ چاہتی تھیں۔ آخری عُمر میں حضرت اسحاق علیہ السّلام کی بینائی ختم ہو گئی تھی اور آپؑ نابینا ہو گئے تھے ۔دونوں بیٹے سعادت مند تھے اور باپ کی بے حد خدمت کیا کرتے تھے۔بڑا بیٹا، محیص شکار کا شوقین تھا اور عموماً شکار کا گوشت لا کر والد کو کِھلایا کرتا تھا، جس کے بدلے اُسے خُوب دُعائیں ملتیں۔ ایک دن کا واقعہ ہے کہ حضرت اسحاق علیہ السّلام کا شکار کا گوشت کھانے کو دِل چاہا، تو اُنہوں نے محیص سے اپنی خواہش کا اظہار کیا، وہ والد کے لیے شکار کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا۔ اُدھر والدہ نے جب یہ سُنا، تو چھوٹے بیٹے ،یعقوب علیہ السّلام سے کہا’’ بیٹا! کیا ہی اچھا ہو کہ تم محیص کے آنے سے پہلے بکری ذبح کر کے کھانا والد کو پیش کر دو۔ اس طرح تمھیں دُعائیں مل جائیں گی۔‘‘ حضرت یعقوب علیہ السّلام نے والدہ کی ہدایت پر عمل کیا اور جلدی سے بکری کا گوشت بھون کر والد کی خدمت میں پیش کر دیا۔ نابینا والد نے کھانا تناول فرمایا اور دُعائیں دیں کہ’’ اللہ تمہارے مرتبے کو بلند فرمائے اور تمہاری نسل میں انبیاء اور بادشاہ پیدا فرمائے۔ تمہیں کشادہ رزق اور اولادِ کثیر عطا فرمائے۔‘‘ کچھ دیر بعد بڑے صاحب زادے شکار کا گوشت لے کر خدمت میں حاضر ہوئے اور تناول فرمانے کی درخواست کی، جس پر حضرت اسحاق علیہ السّلام کو بڑا تعجب ہوا۔ وہ گویا ہوئے’’ اے بیٹے!یہ کیا ہے؟ ‘‘ محیص نے کہا’’ یہ وہ شکار کا گوشت ہے، جس کی آپؑ نے مجھ سے فرمائش کی تھی۔‘‘ حضرت اسحاق علیہ السّلام نے مزید حیران ہو کر فرمایا’’ وہ تو تم کچھ دیر پہلے مجھے کِھلا چُکے ہو۔‘‘اب محیص کے حیران ہونے کی باری تھی۔ بولے’’ ابّا جان!مَیں تو ابھی شکار کا گوشت لے کر آپؑ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں۔ اس سے پہلے تو مَیں نہیں آیا۔‘‘حضرت اسحاق علیہ السّلام سمجھ گئے کہ وہ چھوٹے بیٹے، یعقوب علیہ السّلام لائے ہوں گے۔چناں چہ آپؑ نے محیص کے لائے ہوئے کھانے کو بھی تناول فرمایا اور اسے دُعا دی کہ’’ تمہاری نسل سرسبزو شاداب زمین پر خُوب پھلے اور پھولے۔ اُن کے پھلوں اور رزق میں اللہ خُوب برکت عطا فرمائے۔‘‘محیص کو اپنے بھائی، یعقوب علیہ السّلام کا سبقت لے جانا اور پہلے دُعائیں لے لینا سخت ناگوار گزرا اور وہ یعقوب علیہ السّلام کے دشمن بن کر اُن کی جان کے درپے ہو گئے۔ والدہ نے جب محیص کے غم و غصّے کو دیکھا، تو اُنہیں خوف محسوس ہوا اور اُنہوں نے چھوٹے بیٹے، یعقوب علیہ السّلام سے کہا کہ’’ تم فوری طور پر شام چھوڑ کر اپنے ماموں کے پاس حران چلے جاؤ، مجھے ڈر ہے کہ محیص تمہیں قتل نہ کر دے۔ جب بھائی کا غصّہ ختم ہوگا، تو مَیں تمہیں واپس بلوا لوں گی۔‘‘حضرت اسحاق علیہ السّلام کو بھی معاملات کی نزاکت کا احساس تھا، چناں چہ اُنہوں نے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے حضرت یعقوب علیہ السّلام کو فوری چلے جانے کا مشورہ دیا۔یوں حضرت یعقوب علیہ السّلام والد اور والدہ سے دُعائیں لے کر مُلکِ شام سےہجرت کر گئے۔

توریت میں تحریف

بنی اسرائیل نے اللہ کی کتاب، توریت میں تحریف کرتے ہوئے حضرت اسحاق علیہ السّلام کو’’ ذبیح اللہ‘‘ قرار دیا ہے۔توریت میں یوں تھا’’ اللہ نے اپنے اکلوتے بیٹے کو ذبح کرنے کا حکم دیا‘‘، اسرائیلیوں نے اس میں تحریف کر کے یوں کر دیا’’اللہ نے حضرت ابراہیم علیہ السّلام کو اپنے پہلے بیٹے، اسحاق علیہ السّلام کو ذبح کرنے کا حکم دیا۔‘‘ یہاں لفظ’’اسحاق‘‘ان کی طرف سے توریت میں اضافہ ہے اور یہ سراسر جھوٹ، بہتان اور گم راہی ہے، جس کی وجہ بنی اسرائیل کا اہلِ عرب سے حسد ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جس وقت ذبح کا حکم فرمایا، اُس وقت حضرت اسماعیل علیہ السّلام ہی اکلوتے بیٹے تھے۔بنی اسرائیل، اہلِ عرب سے اس لیے حسد کرتے ہیں کہ اہلِ عرب، حضرت اسماعیل علیہ السّلام کی نسل سے ہیں اور اُن میں سب سے افضل، عظیم المرتبت، اللہ کے آخری پیغمبر، حضرت محمّد مصطفیٰ ﷺ بھی ہیں۔ بنی اسرائیل کی شدید خواہش ہے کہ وہ عظیم اور جلیل القدر شرف و مرتبہ جو مسلمانوں کو ملا ہے، اُسے غلط قرار دے کر خود سے منسوب کر لیں اور اپنے اسی مذموم اور جھوٹے منصوبے کی خاطر اُنہوں نے اللہ کی کتاب، توریت میں بھی تبدیلی کر ڈالی۔تفسیر ابنِ کثیر میں واقعہ بیان کیا گیا ہے کہ ایک یہودی عالم، حضرت عُمر بن عبدالعزیزؒ کے زمانے میں مسلمان ہوا، تو اُنھوں نے اُن سے پوچھا’’ حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے کون سے بیٹے کو ذبح کرنے کا حکم ہوا تھا؟‘‘ اُس نے جواب دیا’’ اے امیر المومنین! اللہ کی قسم! وہ اسماعیل علیہ السّلام ہی تھے اور یہودی بھی اس بات کو خُوب جانتے ہیں، لیکن عربوں سے حسد کی وجہ سے وہ کہتے ہیں کہ’’ ذبح کرنے کا حکم اسحاق علیہ السّلام کے بارے میں تھا، نہ کہ حضرت اسماعیل علیہ السّلام کے بارے میں۔‘‘(معارف القرآن، بحوالہ تفسیر ابنِ کثیر)

یہودونصاریٰ کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے قرآنِ پاک میں فرما دیا ہے کہ وہ کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں ہو سکتے۔ارشادِ باری تعالیٰ ہے’’اے ایمان والو! تم یہود و نصاریٰ کو دوست نہ بنائو،یہ تو آپس میں ہی ایک دوسرے کے دوست ہیں۔تم میں سے جو بھی ان میں سے کسی سے دوستی کرے،وہ بے شک ان ہی میں سے ہے۔ اللہ تعالیٰ ظالموں کو ہرگز راہِ راست نہیں دِکھاتا۔‘‘(سورۃ المائدہ51:)ان آیات کی شانِ نزول کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت عبادہ بن صامت انصاریؓ اور رئیس المنافقین ،عبداللہ بن اُبی دونوں ہی عہدِ جہالیت سے یہود کے حلیف چلے آ رہے تھے۔جب بدر میں مسلمانوں کو فتح حاصل ہوئی، تو عبداللہ بن اُبی نے بھی اسلام کا اظہار کیا۔ ادھر بنو قینقاع کے یہودیوں نے تھوڑے ہی دنوں بعد فتنہ برپا کیا اور وہ کَس لیے گئے، جس پر حضرت عبادہؓ نے تو اپنے یہودی حلیفوں سے اعلانِ برأت کر دیا، لیکن عبداللہ بن اُبی نے اس کے برعکس ،یہودیوں کو بچانے کی ہرممکن کوشش کی، جس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں۔اسی طرح ایک جگہ ارشاد ہے کہ ’’یہودی اور نصاریٰ تم سے ہرگز راضی نہ ہوں گے،جب تک تم ان کے طریقے پر نہ چلنے لگو۔‘‘(سورۃ البقرہ 120:)اور حقیقت یہی ہے کہ آج ہم نہ صرف اُنہیں اپنا دوست، ہم دَرد اور خیرخواہ سمجھتے ہیں، بلکہ اُنہیں راضی کرنے کے لیے اُن کے رہن سہن، کھانے پینے، اٹھنے بیٹھنے، لباس و اقدار کو اپنانا باعثِ عزّت و افتخار سمجھتے ہیں۔ اب تو حالت یہ ہے کہ’’نقالیٔ اغیار نے ہمیں کہیں کا نہ چھوڑا۔‘‘مسلمانوں کی اسی حالتِ زار پر علّامہ اقبالؒ نے فرمایا؎ شور ہے ہو گئے دنیا سے مسلماں نابود…ہم یہ کہتے ہیں کہ تھے بھی کہیں مسلم موجود؟…وضع میں تم ہو نصاریٰ،تو تمدّن میں ہنود…یہ مسلمان ہیں!جنہیں دیکھ کے شرمائیں یہود!‘‘

حضرت اسحاق علیہ السّلام

حضرت اسحاق علیہ السّلام کا قرآنِ مجید میں ذکر

اللہ جل شانہ نے اپنی مقدّس کتاب، قرآنِ پاک میں حضرت اسحاق علیہ السّلام کا ذکر 16مرتبہ فرمایا ہے۔ سورۃ البقرہ کی آیات 133، 136، 140 ،سورۂ آلِ عمران کی آیت 84، سورۃ النساء کی آیت 163، سورۂ الانعام کی آیت 84، سورۂ ھود کی آیت 71، سورۂ یوسف کی دو آیات 6اور 38، سورۂ ابراہیم کی آیت 39، سورۂ مریم کی آیت 49، سورۃ الانبیاء کی آیت 72، سورۂ عنکبوت کی آیت 27، سورۂ الصٰفٰت کی آیات 112،113 اور سورۂ ص کی آیت 45میں آپؑ کا ذکر آیا ہے۔

حضرت اسحاق علیہ السّلام کی وفات

حضرت اسحاق علیہ السّلام نے 180سال کی عُمر میں وفات پائی، جب کہ بعض کُتب میں 160برس تحریر ہے۔ وفات کے وقت آپؑ کے دونوں صاحب زادے محیص اور حضرت یعقوب علیہ السّلام آپؑ کے پاس موجود تھے، جنہوں نے آپؑ کو اپنے دادا، حضرت ابراہیم علیہ السّلام کے پہلو میں دفن کیا۔ بعض محققّین نے حضرت اسحاق علیہ السّلام کے زمانے کا تعیّن 23صدی قبلِ مسیح کیا ہے۔

Share This:

اسلامی مضامین

  • 13  اپریل ،  2024

مفتی محمد راشد ڈسکویآج کل ہر طرف مہنگائی کے از حد بڑھ جانے کے سبب ہر بندہ ہی پریشان نظر آتا ہے، کسی بھی مجلس میں شرکت کی...

  • 13  اپریل ،  2024

مولانا نعمان نعیمرسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے ایک بالشت برابر زمین بھی ظلماً لی ، قیامت کے دن اُسے سات زمینوں...

  • 12  اپریل ،  2024

حضرت اوس بن اوس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن...

  • 11  اپریل ،  2024

حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:یہ بیچارے غلام اور ملازم...

  • 10  اپریل ،  2024

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص لوگوں کے احسان کا شکریہ...

  • 10  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم.حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کا بیان ہے۔ انہوں نے فرمایا :دعا آسمان اور زمین کے...

  • 09  اپریل ،  2024

حضرت انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جب شب قدر آتی ہے تو جبرئیل علیہ...

  • 09  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابو اُمامہ رضی اللہ عنہٗ کا بیان ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے...

  • 09  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت عبداللہ بن بریدہ رضی اللہ عنہٗ اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ...

  • 08  اپریل ،  2024

مولانا سیّد سلیمان یوسف بنوریآپ کے مسائل اور اُن کا حلسوال: ہمارا گاڑیوں کی خریدوفروخت کا کاروبار ہے۔ ایک اور شخص ب نئی...

  • 08  اپریل ،  2024

ماہ شوال کے چھ روزے، جو شوال کی دُوسری تاریخ سے شروع ہوتے ہیں، مستحب ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:...

  • 08  اپریل ،  2024

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، فرماتی ہیں کہ جب رمضان کا آخری عشرہ آتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پوری...

  • 08  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمجناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے، جو شخص عید کے دن تین سو مرتبہ سبحان...

  • 07  اپریل ،  2024

مفتی محمد مصطفیٰحضرت سہل بن سعدؓ سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺنے فرمایا :’’میری امت کے لوگ بھلائی پر رہیں گے، جب تک وہ روزہ...

  • 07  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جو...

  • 07  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:...

  • 07  اپریل ،  2024

مولانا نعمان نعیم’’زکوٰۃ‘‘ اسلام کےبنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے۔ قرآن وسنت میں زکوٰۃ کی فرضیت اور فضیلت و...

  • 06  اپریل ،  2024

سید صفدر حسینامام موسیٰ کاظمؒ، حضرت امام جعفر صادقؒ کے صاحبزادے ہیں۔ آپ کی والدہ ماجدہ حمیدہ بربریہ اندلسیہ تھیں۔ آپ...

  • 06  اپریل ،  2024

مولانا اطہرحسینیو ں تو اس کارخانۂ عالم کی سب ہی چیزیں قدرت کی کرشمہ سازیوں اور گلکاریوں کے ناطق مجسمے، اسرارورموز کے...

  • 06  اپریل ،  2024

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکیہ کا سہارا لگائے بیٹھے...