رمضان المبارک اور ہمارے رویے

’’ تم سمجھتے کیا ہو خود کو؟ آنکھوں کی جگہ بٹن لگے ہیں کیا؟اتنا موٹا چشمہ لگاکر بھی اتنی بڑی گاڑی نظر نہیں آرہی؟ مَیں تم جیسے لوگوں کو اچھی طرح جانتا ہوں، زبر دستی گاڑی کے سامنے آتے ہو، تاکہ حادثے کی صُورت میں پیسے اینٹھ سکو۔ ’’مگر صاحب ! مَیں تو صحیح ٹریک پہ تھا، گاڑی تو آپ بیچ میں لائے ہیں‘‘(رکشے والے نے کچھ کہنے کی کوشش کی)۔’’ خبردار! ایک لفظ بھی کہا تو زبان کھینچ لوں گا تمہاری(گاڑی والے نے چیختے ہوئے کہا)وہ تو شکر کرو کہ میرا روزہ ہے،ورنہ آج تمہاری خیر نہیں تھی۔‘‘ ’’فیضی بیٹا ! اب اُٹھ بھی جاؤ، آخر کب تک سوتے رہو گے۔تم نے فجر بھی نہیں پڑی ، اب ظہر کا وقت بھی نکلا جا رہا ہے۔ روزہ رکھنے کا مطلب صرف بھوکا پیاسا رہنا نہیں ہوتا، فرایض کی ادائیگی بھی ضروری ہے ، ورنہ اللہ تعالیٰ کو تمہارے فاقے کی ضرورت نہیں۔‘‘’’کیا ہے امّی؟ کیوں نیند خراب کر رہی ہیں؟(فیضان نے کروٹ بدلتے اور تکیہ منہ پر رکھتے ہوئے خفگی کا اظہار کیا)ایک تو ویسے ہی اتنی گرمی ہے اور میرا روزہ بھی ہے، اُس پہ آپ سونے بھی نہیں دے رہیں، ابھی تو امتحان سے فارغ ہوا ہوں۔ یہی تو دن ہیں سونے کے ،پھر کہاں چین کی نیند نصیب ہوگی۔‘‘’’ماما دیکھیں ناں، پورے دس روزے گزر چُکے ہیں، مگر مجال ہے کہ میرا وزن ایک پاؤنڈبھی کم ہو اہو(فریحہ نے اپنی امّی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا)مَیں نے پہلےہی سوچ لیا تھا کہ اس رمضان بہت اچھی طرح ڈائیٹنگ کروں گی اور کم از کم 4،5کلو وزن تو کم کر ہی لوں گی۔ ڈائیٹنگ کے لیے بھلارمضان سے اچھا اور کون سا مہینہ ہو سکتا ہے۔‘‘ ’’میری گڑیا! رمضان وزن گھٹانے کا نہیں ،نیکیاں کمانے کا مہینہ ہے۔ ہر کام بھول کر صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مشغول ہو جاؤ، ڈائیٹنگ وغیرہ کے لیے تو پوراسال پڑا ہے۔‘‘امّی نے پیار سے سمجھایا ’’افوہ! ایک تو امّی آپ کچھ سمجھتی نہیں ہیں، بس فوراً لیکچر دینا شروع کر دیتی ہیں، جائیں جا کر اپنے لاڈلے کو اُٹھائیں،جو نائٹ میچ کھیل کر آیا ہے اور روزے سے پانچ منٹ پہلے اُٹھ کر ہم سب پر احسان کرے گا۔ مَیں کم از کم اُس سے تو بہترہی ہوں ناں، پورا روزہ سوتے ہوئے تو نہیں گزار تی۔ ‘‘فریحہ بھلا کہاں چُپ ہونے والی تھی۔

رمضان المبارک اور ہمارے رویے
ڈاکٹر صائمہ رشید

یہ ساری باتیں،کہانیاں تخیّلاتی نہیں، بلکہ ہمارے ہی معاشرے کے مجموعی رویّے کی عکّاس ہیں۔ الحمدُ للہ ! رمضان المبارک کا با بر کت مہینہ سایہ فگن ہو چُکا ہے۔ یہ وہ ماہ ِ مبارک ہے، جسے ’’ماہِ تربیت‘‘ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ لیکن یاد رکھیے!روزہ صرف بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ، بلکہ اس کے ذریعے اللہ تبارک وتعالیٰ ہمیں خود احتسابی کاایک بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ نیز، ہمارے سامنے یہ حقیقت بھی عیاںہوتی ہے کہ عام دنوں میں جن گناہوں، برائیوںاورغلط کاموں کا ذمّے دار ہم شیطان کو ٹھہراتے ہیں ،در اصل اُن کے اصل ذمّے دار ہم خود ہیں۔ روزہ تو ہمیں صبر و برداشت، تحمّل اور در گزر کا درس دیتا ہے۔ لیکن ہم روزے ہی کے نام پربھوک پیاس کا پرچار کرکے یا اُسے بہانہ بنا کر دوسروں پر لعن طعن،ڈانٹ ڈپٹ اور غصّےکاکوئی موقع ہاتھ سے نہیںجانے دیتے۔خلقِ خدا کے لیے آسانیاں، راحتیںفراہم کرنے کے بجائےباعث ِ اذّیت بن جاتے ہیں۔مشاہدے میں ہے کہ کچھ نوجوان لڑکے سحری کرتے ہی ایسا سوتے ہیں کہ پھرعصر ہی میں اُٹھنے کی زحمت کرتے ہیں، وہ بھی والد کے خوف سے، پھر عشاء پڑھ کر نائٹ میچ یا دوستوں کے ساتھ گھومنےپھرنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، جو سحری تک جاری رہتا ہے، جیسے رمضان عبادت کا نہیں، تفریح کا مہینہ ہو۔ دوسری جانب ایسی خواتین اورلڑکیوں کی بھی کمی نہیں ، جو رمضان المبارک کو نیکیاں بڑھانے کا نہیں، وزن گھٹانے کا مہینہ گردانتی ہیں۔ خود تو روزہ رکھ کر اے- سی کمروں سے بارہ بارہ بجے سوکرباہر نکلتی ہیںاور گھر، بچّے کام والیوں کے بھروسے ہوتےہیں، جہاں تک بات ہے افطاری کی، تو میاں جی بازار سے خرید لاتے ہیں۔ چٹورپن اور شاپنگ کی ماری خواتین ،رات گئے تک شوہر اور بچّوں کے ہم راہ شاپنگ سینٹرز میں گھومنے کے بعد سحری بھی باہر ہی سے کرکے لوٹتی ہیں اور بعد ازاں، یہ شکایت بھی کرتی نظر آتی ہیں کہ رمضان میںشوہرکو بد ہضمی ہوگئی، ہماراوزن کم ہونے کے بہ جائے مزید بڑھ گیاوغیرہ وغیرہ… بھلا کوئی ان اللہ کی بندیوں سے پوچھے کہ جب سحر و افطار بازار کے کھانوں سے ہوگی ، تو وزن کیا خاک کم ہوگا، اُلٹا بیماریاں ہی گلے پڑ جائیں گی۔ پھر ہمارے یہاں ایسے لوگوںکی بھی بھرمار ہے، جو روزہ تو رکھ لیتے ہیں، لیکن پھرسارادن چڑ چڑے سے پھرتےہیں، جیسے کسی نےاُن سے ’’گن پوائنٹ‘‘ پرزبر دستی روزہ رکھوایا ہو۔ ہر ذی شعور جانتا ہے کہ روزہ فقط بھوک ،پیاس پر ضبط کا نام نہیں،بلکہ اس کا اطلاق تو زبان، اخلاق اور عمومی رویّوں پر بھی ہوتا ہے، لیکن یہاں تو حال یہ ہے کہ صرف کھانے پینے سے ہاتھ کھینچ کر احسان جتا دیا جاتا ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کی خاطر اس قیامت خیز گرمی میں روزہ رکھا ہے۔

رمضان المبارک اور ہمارے رویے
مولانا محمّد حنیف جالندھری

روزے کی حالت میں بگڑےرویّے، چڑچڑاہٹ، غصّے اور بد کلامی کے حوالے سے قرآن و سنّت کیا کہتے ہیں،یہ جاننے کے لیے ہم نے ناظم ِ اعلیٰ، وفاق المدارس العربیہ، پاکستان ، مولانا محمّد حنیف جالندھری سے بات چیت کی توانہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کچھ ان الفاظ میں کیا’’نبی کریم ﷺ کی تعلیمات سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ روزے دار کو اپنے اعمال، قول و فعل کی عام دنوں سے زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔ جیسے چغلی، غیبت، جھوٹ ، لڑائی جھگڑے، کسی کو بُرا بھلا کہنےسے اجتناب برتنا چاہیے۔ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ اگر کوئی روزے کی حالت میں تم سے لڑائی کرے، تو بس اتنا کہہ دو کہ ’’مَیں روزے سے ہوں۔‘‘ ایک اور جگہ فرمایا کہ ’’اللہ کو تمہارے بھوکا پیاسا رہنے کی ضرورت نہیں۔‘‘ احادیث کی رُوسے پتا چلتا ہے کہ چاہے کوئی کتنا ہی بُرا برتاؤکیوں نہ کرے، مگر روزے دار کو اپنے غصّے پر ضبط رکھنا چاہیے ۔ در حقیقت روزہ تو باطنی بیماریوں جیسے غیبت، بد اخلاقی، بد کلامی وغیرہ کا خاتمہ کرتا اور نفس کو پاک کرتاہے۔ نبی محترم ﷺ کی ایک حدیث ہے کہ ’’بہت سے لوگ ہیں، جن کو روزے سے محض بھوک و پیاس ملتی ہے۔‘‘یعنی انہیںروزے کی اصل روح، صبر و برداشت، تحمّل، سکون اور اللہ کا قرب حاصل نہیں ہوتا۔ ‘‘رمضان المبارک میں کچھ افراد بالخصوص خواتین روزوں کو بہ طور ڈائیٹنگ لیتی ہیں، کیا واقعی روزے وزن گھٹانے میں کا رآمد ثابت ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرِ غذائیت، نائب صدر، پاکستان نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس سوسائٹی، ڈاکٹر صائمہ رشید کا کہناہے کہ ’’ماہِ رمضان ایک تحفہ ، ایک انعام ہےاور بہ طور مسلمان ہماری نیّت نیکیاں کمانا اور اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا ہونی چاہیے۔ جہاں تک بات ہے وزن کم کرنے کی ، تو مَیں وضاحت کردوں کہ روزے رکھنے سےوزن پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ کچھ گھنٹے بھوکا پیاسا رہنے سے دُبلے ہوجائیں گے، تو یہ سوچ دُرست نہیں، روزہ تو جسم کی زکوٰۃ ہے، اس کے لیے نیّت کا صاف ہونا ضروری ہے۔ ویسے بھی وزن کم کرنے کے لیے ڈائیٹنگ کے ساتھ ورزش انتہائی ضروری ہے، لیکن روزے میں ورزش نہیں کرنی چاہیے،سوجب تک آپ ورک آؤٹ نہیں کریں گے، وزن پہ اثر نہیں پڑے گا۔ دوسری اہم بات یہ کہ ہمارےیہاں پورا دن بھوکا پیاسا رہنے کے بعد افطار میں شربت اور دوسری میٹھی اورتلی ہوئی اشیاء زیادہ کھائی جاتی ہیں ، جنہیں کھانے کے بعد وزن کم ہونے کا تو سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ لہٰذاماہِ صیام کو عبادات، برکات اور گناہوں کی بخشش کے طور پر ہی لینا چاہیے، تاکہ دنیا و آخرت سنور جائے۔ ‘‘روزے کی حالت میں سب سے زیادہ غصّے اور عدم برداشت کا مظاہرہ عموماً سڑکوں پرٹریفک جام کی صُورت دیکھنے میں آتا ہے ۔ لوگوں کے رویّوں میں کیا تبدیلی رونما ہوتی ہے اور کس عُمر کے افراد زیادہ چڑچڑے دکھائی دیتے ہیں،ہم نے یہ سوال موسموں کی سختی کے باوجود جاں فشانی سے ڈیوٹی سرانجام دینے والے پولیس کانسٹیبل، نثار احمد سے کیا، اُن کا کہنا تھا ’’گرمی اور روزے کی وجہ سےلوگوں کا مزاج تھوڑا گرم ہوجاتا ہے۔ اگر سب لوگ تھوڑے صبر کا مظاہرہ کریں، تو ٹریفک جام ہو اور نہ ہی تُو تُو، مَیں مَیںہو۔ میرا مشاہدہ ہے کہ بڑی عُمر کے افراد اور موٹر سائیکل سوارزیادہ جلدی غصّے میں آجاتے ہیں۔ ایک توموٹر سائیکل چلانے والے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد بھی بہ مشکل ہی کرتے ہیں اور جب کسی گاڑی سے ٹکّر ہوجائے، تو لڑائی جھگڑابھی فوری شروع کردیتے ہیں،جس کا نتیجہ ٹریفک جام کی صُورت نکلتا ہے۔‘‘

رمضان المبارک اور ہمارے رویے
نثار احمد

صدقِ دل سے بتائیے کہ ہمارے کسی عمل یا زندگی کے کسی شعبے سے بھی یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ماہِ رمضان شروع ہوچکا ہے؟ہم میں سے کتنے لوگ اس کے احترام میں بُرے کاموں ، بد زبانی، غصّے، چیخ پُکاراورگالم گلوچ وغیرہ سے اجتناب کرتے ہیں؟ فقط ایک لمحے کے لیے سوچیے کہ روزہ ہمیں کیا سبق دیتا ہے؟ وہ تو ہم پر اللہ کا احسان ہے، جو ہمیں رمضان کے ذریعےضبط، صبرو برداشت ، تحمّل، در گزر ، خوش اخلاقی، صلۂ رحمی اور نیکی کی ترغیب دی۔یہ ماہ ِمبارک صرف بھوکا پیاسارہنے کا نام نہیں ، بلکہ اس کا مقصدانسانی کردارکا سنوارو نکھار ہے۔ تاہم، روزے کی حالت میںاگر صبر و برداشت کا سبق نہیں سیکھا، جھوٹ بولنا ، غیبت کرنا،ظلم کرنا، دوسروں کا حق مارنانہیں چھوڑا،تو اللہ تعالیٰ کو اس بات کی کوئی ضرورت نہیں کہ ہم کھانا پینا چھوڑ کر بھوکے پیاسےرہیں۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے ہاں ایسے ’’فاقوں‘‘ کی کوئی اہمیت یا قدر نہیں ۔ اچھا چلیں،صرف کل کے روزے کا محاسبہ کرکے بتائیں کہ کیا آپ کا ضمیر مطمئن ہے؟ آپ نے واقعی روزے کا حق ادا کر دیا؟ اپنے والدین، بیوی، بچّوں، ماتحتوں ، ساتھیوں، رشتے داروں،پڑوسیوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئے؟اپنے ماتحت کی معمولی غلطی پر چراغ پا تو نہیں ہوئے، پکوڑوں میں نمک کی کمی /زیادتی پر بیوی کو کھری کھری تو نہیں سنائیں؟ ایک ذرا سی چپقلش پر خاوند پر لعن طعن تو نہیں کی، صفائی میں کوتاہی پر کام والی کو تن خواہ کاٹنے کی دھمکی تو نہیں دی؟ صدقہ خیرات کے نام پرپھٹے پرانے ،بوسیدہ کپڑے ، جوتےہی تو نہیں نکالے؟گرمی، بھوک پیاس کا غصّہ ٹریفک میں گالم گلوچ کے ذریعے تو نہیں نکلا؟ ’’میرا روزہ نہ ہوتا تو…میرا روزہ نہ ہوتا تو…‘‘ کی گردان تو نہیں کرتے رہے؟ اگر ان تمام سوالوں کا جواب ’’ہاں ‘‘ ہے، تو یقین جانیے آپ روزہ نہیں، فاقہ کر رہے ہیں۔ اُس ذاتِ باری تعالیٰ کی عبادت، حمد و ثناء، تعظیم و تکریم کے لیے تو فرشتے ہی کافی ہیں، لیکن یہ اُس کا ہم گناہ گاروںپر احسان ہے کہ ہمیں اپنے گناہوں میں لُتھڑے دل بدلنے کا موقع عطا کیا۔ ارے! ہماری کیا اوقات کہ کسی کی مدد کرسکیں، یہ تو اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ وہ صدقہ، خیرات و زکوٰۃ کے ذریعے ہمارے مال کو پاک کرتا ہے۔ ہمارے دنیا کی چکاچوند اور بے حسی سے متاثر ہ سخت دل روزے کی وجہ سے نرم پڑنے لگتے ہیں کہ اس طرح ہمیں اُن لوگوں کی تکلیف کا احساس ہوتا ہے، جنہیں عام دنوں میں تو کیا ، تہواروں پر بھی دو وقت کی روٹی نصیب نہیں ہوتی۔

رمضان کہنے کو تو مہمان ہے، مگر یہ ماہِ رحمت در حقیقت ہمیں یہ احساس دلانے آتا ہے کہ پورا سال اللہ تبارک وتعالیٰ ہم پرجو اپنی بے شمار نعمتوں کی بے حساب بارشیں کرتا رہتا ہے،ہمیں ان کی صحیح قدر نہیں ہوتی اور محض ایک مہینہ صرف دن کے اوقات میں ان نعمتوں سے دُوری ہمیں ان کی اہمیت بتا دیتی ہے، کیوں کہ یہ انسانی فطرت ہے کہ وہ ہر اس چیز کی قدر کرتا ہے، جو اس کی پہنچ سے دُور ہو۔ پھریہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ کچھ افراد، بالخصوص نوجوان رمضان کا پورا مہینہ توباقاعدگی سے نمازوں اور دیگر عبادات کا اہتمام کرتے ہیں، مگر عید کا چاند نظر آتے ہی ایسے غافل ہوتے ہیں، جیسے شیطان ان ہی کےانتظار میں تھا ۔یاد رکھیے! رمضان رحمتیں، برکتیں، گناہوں کو بخشوانے،اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کا تو مہینہ ہے ہی ، لیکن یہ ’’ماہِ تربیت ‘‘بھی ہے، یعنی اس ماہ جتنے نیک اعمال اور عبادات کی جاتی ہیں، اگروہ سال کے گیارہ مہینے ہمارے معمولات میں شامل نہیں ہوتیں، تو یہ افسوس کا مقام ہے۔اگر رمضان المبارک میں اپنائے گئے اچھے اعمال کا اثر ہماری روز مرّہ زندگیوں پر نہیں پڑ رہا، تو یہ لمحۂ فکریہ ہے۔ ہمیں رمضان کریم کی اصل روح کو پہچاننا ہو گا۔اپنا محاسبہ کرناہو گا کہ اس جیسا پاکیزہ مہینہ بھی اگر ہماری زندگیوں میں مستقل تبدیلی نہیں لا پا رہا تو کمی کیا اور کہاں ہے ۔ رمضان تو اپنی بہاریں ویسے ہی لیے ہوئے آتاہے، مسئلہ تو ہم میں ، ہماری سمجھ اور ہمارے کردار میں ہے۔

Share This:

اسلامی مضامین

  • 13  اپریل ،  2024

مفتی محمد راشد ڈسکویآج کل ہر طرف مہنگائی کے از حد بڑھ جانے کے سبب ہر بندہ ہی پریشان نظر آتا ہے، کسی بھی مجلس میں شرکت کی...

  • 13  اپریل ،  2024

مولانا نعمان نعیمرسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے ایک بالشت برابر زمین بھی ظلماً لی ، قیامت کے دن اُسے سات زمینوں...

  • 12  اپریل ،  2024

حضرت اوس بن اوس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: دنوں میں سب سے افضل دن جمعہ کا دن...

  • 11  اپریل ،  2024

حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:یہ بیچارے غلام اور ملازم...

  • 10  اپریل ،  2024

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص لوگوں کے احسان کا شکریہ...

  • 10  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم.حضرت عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ کا بیان ہے۔ انہوں نے فرمایا :دعا آسمان اور زمین کے...

  • 09  اپریل ،  2024

حضرت انس رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’جب شب قدر آتی ہے تو جبرئیل علیہ...

  • 09  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابو اُمامہ رضی اللہ عنہٗ کا بیان ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے...

  • 09  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت عبداللہ بن بریدہ رضی اللہ عنہٗ اپنے والد سے نقل کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ...

  • 08  اپریل ،  2024

مولانا سیّد سلیمان یوسف بنوریآپ کے مسائل اور اُن کا حلسوال: ہمارا گاڑیوں کی خریدوفروخت کا کاروبار ہے۔ ایک اور شخص ب نئی...

  • 08  اپریل ،  2024

ماہ شوال کے چھ روزے، جو شوال کی دُوسری تاریخ سے شروع ہوتے ہیں، مستحب ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:...

  • 08  اپریل ،  2024

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، فرماتی ہیں کہ جب رمضان کا آخری عشرہ آتا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پوری...

  • 08  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمجناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے، جو شخص عید کے دن تین سو مرتبہ سبحان...

  • 07  اپریل ،  2024

مفتی محمد مصطفیٰحضرت سہل بن سعدؓ سے مروی ہے کہ نبی اکرم ﷺنے فرمایا :’’میری امت کے لوگ بھلائی پر رہیں گے، جب تک وہ روزہ...

  • 07  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :جو...

  • 07  اپریل ،  2024

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلمحضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے:...

  • 07  اپریل ،  2024

مولانا نعمان نعیم’’زکوٰۃ‘‘ اسلام کےبنیادی ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے۔ قرآن وسنت میں زکوٰۃ کی فرضیت اور فضیلت و...

  • 06  اپریل ،  2024

سید صفدر حسینامام موسیٰ کاظمؒ، حضرت امام جعفر صادقؒ کے صاحبزادے ہیں۔ آپ کی والدہ ماجدہ حمیدہ بربریہ اندلسیہ تھیں۔ آپ...

  • 06  اپریل ،  2024

مولانا اطہرحسینیو ں تو اس کارخانۂ عالم کی سب ہی چیزیں قدرت کی کرشمہ سازیوں اور گلکاریوں کے ناطق مجسمے، اسرارورموز کے...

  • 06  اپریل ،  2024

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکیہ کا سہارا لگائے بیٹھے...