مفتی منیب الرحمٰن
تفہیم المسائل
سوال: کیا قربانی کا جانور 10تا12ذوالحجہ بعدالمغرب یا عشا ء ذبح کیا جاسکتا ہے ؟
جواب: دسویں ذوالحجہ کے بعد کی دونوں راتیں ایامِ نحر میں شامل ہیں، ان میں بھی قربانی ہوسکتی ہے ،مگر رات میں ذبح کرنا مکروہ ہے ۔علامہ نظام الدین رحمہ اللہ تعالیٰ لکھتے ہیں:ترجمہ:’’ قربانی کا وقت تین دن ہیں: دس ذوالحجہ ،گیارہ ذوالحجہ اور بارہ ذوالحجہ۔اجر کے اعتبار سے دس اور گیارہ ذوالحجہ (بالترتیب ) افضل ہیں اور بارہ ذوالحجہ سب سے کم درجہ میں ہے ،دسویں ذوالحجہ کے طلوعِ فجر سے بارہ ذوالحجہ کے غروبِ آفتاب تک (یعنی ایامِ نحر میں ) دن اور رات میں قربانی جائز ہے ،لیکن رات میں ذبح کرنا مکروہ ہے‘‘ ۔آگے چل کر لکھتے ہیں :’’دن میں ذبح کرنا مستحب ہے نہ کہ رات میں، تاکہ (جانور کی) تمام رگیں کٹ جائیں،(یعنی دن کی روشنی میں ذبح کی احتیاط پرعمل کرنا آسان ہے)، جیساکہ ’’الجوہرۃ النیرہ‘‘ میں ہے ،(فتاویٰ عالمگیری ،جلد5، ص:296)‘‘