تعلیم اور تربیت

April 25, 2021

کتاب و سنت کی روشنی میں

سوال:کیا صرف تعلیم ہی کافی ہے یا اس کے ساتھ تربیت بھی ضروری ہے؟ خاص طور پر کیا ائمہ مساجد کی تربیت کی بھی ضرورت ہے؟

جواب:صرف تعلیم ہی کافی نہیں ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ تربیت بھی بہت ضروری ہے اور تربیت کیلئے ضروری ہے کہ بڑے اور عمر رسیدہ افراد، بچوں کے سامنے اپنے قول و عمل میں یکسانیت کا نمونہ پیش کریں، یہ نہ کریں کہ بچوں کے سامنے جھوٹ کی برائی تو بیان کریں مگر خود وقت ضرورت جھوٹ بولنے سے اجتناب نہ کریں۔ دوسروں کو دیانت و امانت کی تعلیم دیں مگر خود دیانت و امانت پر عمل نہ کریں۔ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو دینی مسائل تو کتابوں میں پڑھا دیئے جاتے ہیں مگر انہیں صحیح طریقے سے نماز پڑھانے کی تربیت کہیں بھی نہیں دی جاتی کہ نماز کس طرح سے پڑھانی چاہئے۔ نماز پڑھتے وقت ہاتھ کہاں اور کس طرح باندھنے چاہئیں۔ قرآن شریف کس طرح پڑھنا چاہئے۔ نیت باندھتے وقت کن کن باتوں کا اہتمام کرنا چاہئے۔ غرض امام اور مقتدی اپنی نمازوں میں کن کن باتوں کا بہت زیادہ اہتمام کریں۔ اس سلسلے میں دینی مدارس کے طلبہ کو صحیح طرح سے نماز پڑھنے اور پڑھانے کی بھی تربیت دی جانی بہت ضروری ہے ورنہ وہ اپنی نماز کے ساتھ اپنے مقتدیوں کی نماز میں خرابی کے بھی ذمہ دار ہوں گے۔