پرندوں کے بچوں کو پکڑنے اور چیونٹوں کو جلانے کی ممانعت

April 11, 2021

ارشاداتِ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ایک مرتبہ ایک سفر میں ہم جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ تھے۔ دوران سفر جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رفع حاجت کے لیے تشریف لے گئے تو ہمیں سرخ رنگ کا ایک پرندہ دکھائی دیا جس کے ساتھ دو بچے بھی تھے۔ بچے ہم نے پکڑ لیے تو پرندہ آیا اور ہمارے سروں پر پَر پھیلائے اضطراب اور بے چینی کے عالم میں چکر لگانے لگا۔ اتنی دیر میں جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی تشریف لے آئے اور پرندہ کی یہ کیفیت ملاحظہ فرماکر فرمایا: اس کے بچوں کو پکڑ کر اسے کس نے مصیبت میں ڈالا ہے۔ اس کے بچوں کو چھوڑ دو، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر چیونٹیوں کے بل پر پڑی جسے ہم نے جلادیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اسے کس نے جلایا ہے؟ ہم نے عرض کیا، ہم لوگوں ہی نے جلایا ہے۔ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ حرکت مناسب نہیں۔ کسی کو آگ سے جلانا تو آگ کے رب ہی کو زیبا ہے۔ (ابودائود)